عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/دہلی ہائی کورٹ نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) سے شمالی کشمیر کے رکنِ پارلیمان انجینئر رشید کی تحویل پر ضمانت کی درخواست پر جواب طلب کیا ہے، جس کے ذریعے وہ جاری بجٹ اجلاس میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔
بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ پیر سے شروع ہو چکا ہے اور 4 اپریل کو ختم ہوگا۔ انجینئر رشید، جنہوں نے جموں و کشمیر کے بارہمولہ حلقے سے لوک سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور موجودہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو دو لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی، اس وقت تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ وہ این آئی اے کی زیر تفتیش ایک ملی ٹینٹ مالی معاونت کے کیس میں ملزم ہیں۔
جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ اور جسٹس راج نیش کمار گپتا کی سربراہی میں ایک بینچ نے این آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس درخواست پر اعتراضات، اگر کوئی ہوں، تو 17 مارچ تک جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔
یہ معاملہ اب 18 مارچ کو دوبارہ سماعت کے لیے پیش ہوگا۔ انجینئر رشید نے دہلی ہائی کورٹ میں 10 مارچ کو خصوصی این آئی اے عدالت کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے، جس میں ان کی تحویل پر ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔
اپنی درخواست میں، لوک سبھا رکن نے سٹی کورٹ کے حکم کو ’’غلط‘‘قرار دیا ہے۔ اس سے قبل، جسٹس وکاس مہاجن کی سربراہی میں ایک سنگل جج بینچ نے 11 اور 13 فروری کو انجینئر رشید کو تحویل پر ضمانت دی تھی، تاہم اس پر سخت شرائط عائد کی گئی تھیں۔
دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے بعد، انجینئر رشید سخت پولیس سیکورٹی میں پارلیمنٹ اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔ جسٹس مہاجن کے حکم کے مطابق، انجینئر رشید کو کسی بھی شخص سے بات کرنے کی اجازت نہیں تھی، سوائے ایوان میں اپنی محدود ذمہ داری نبھانے کے، اور انہیں کسی بھی طرح میڈیا سے گفتگو کرنے سے بھی روکا گیا تھا۔
گزشتہ سال نومبر میں ایک عدالت نے انجینئر رشید کی مستقل ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنانے کے بجائے یہ معاملہ ایم پی/ایم ایل اے کورٹ منتقل کرنے کی سفارش کی تھی، کیونکہ وہ پارلیمنٹ کے رکن بن چکے تھے۔ بعد ازاں، انجینئر رشید نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو ان کی ضمانت کی درخواست پر جلد از جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی تھی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے عدالت کے تعین سے متعلق وضاحت کے بعد، دہلی ہائی کورٹ نے خصوصی این آئی اے عدالت کو ہدایت دی تھی کہ وہ انجینئر رشید کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ کرے۔
تہاڑ جیل میں مقید رُکن پارلیمان انجینئر رشید کی پارلیمنٹ میں شرکت کی درخواست،ہائی کورٹ نے این آئی کا موقف طلب کیا
