عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں امید افزا بلاک ڈیولپمنٹ پروگرام (ABDP) اور امید افزا پنچایت ڈیولپمنٹ پروگرام (APDP) کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کے ڈیٹا اور کارکردگی کے کلیدی اشاریوں (Key Performance Indicators) کا تفصیلی تجزیہ کیا۔ جن شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ان میں صحت و تغذیہ، تعلیم، زراعت و متعلقہ خدمات، بنیادی ڈھانچہ، پینے کے پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، اور سماجی ترقی شامل تھے۔وکاس کنڈل نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل درآمد اور پورٹل پر درست ڈیٹا کی بروقت اپ ڈیٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ ترقیاتی پیش رفت کو حقیقی طور پر ظاہر کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے چیف ایجوکیشن آفیسر (CEO) کو ہدایت دی کہ وہ امید افزا بلاکوں کے تمام اسکولوں کے سربراہان سے براہ راست رابطہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان تعلیمی اداروں میں ٹائلٹ اور پینے کے پانی کی سہولیات دستیاب ہیں۔انہوں نے اسکول جانے والے بچوں کی شرح میں اضافے پر بھی زور دیا تاکہ تعلیم کے شعبے میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کمزور شعبوں میں بہتری کے لئے مؤثر اقدامات کریں اور پرفارمنس انڈیکیٹرز کو بہتر بنانے کے لئے فوری کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ امید افزا بلاکوں اور پنچایتوں کی جدیدیت اور مجموعی ترقی کیلئے دستیاب وسائل کو صحیح سمت میں استعمال کیا جائے۔اجلاس میں متعدد اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جن میں پی او آئی سی ڈی ایس، اے سی ڈی، ڈسٹرکٹ اسٹیٹسٹکس اینڈ ایویلیوایشن آفیسر، ایکس ای این جل شکتی، اے سی پی، سی ای او، سی ایم او، سی اے او، سی اے ایچ او، ایل ڈی ایم بینکس، اے ڈی ایف سی ایس اینڈ سی اے، تحصیلدار بالاکوٹ/منکوٹ، سی ڈی پی او مینڈھر/بالاکوٹ، بی ڈی اوز اور دیگر متعلقہ افسران شامل تھے۔