لگتا ہے کہ ہم ایک نئی انتظامیہ کے تحت ہیں، معاملے کی وضاحت ضروری:وزیر اعلیٰ
جموں// کٹھوعہ میں5شہریوں کی حالیہ پراسرار ہلاکتوں پر اسمبلی میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو دعویٰ کیا کہ ان ہلاکتوں کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے، اور پولیس پر سوال کیا کہ اپوزیشن لیڈر کو سوگوار خاندانوں سے ملنے کی اجازت دی گئی لیکن ڈپٹی چیف منسٹر کو ایسا کرنے سے کیوں روکا گیا؟۔عبداللہ نے ان لوگوں کے خلاف بھی مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوں نے بنی سے آزاد ایم ایل اے رامیشور سنگھ پر حملہ کیا ، وہ کٹھوعہ کی بلاور تحصیل کے ایک ہسپتال کے دورے کے دوران تین شہریوں کے اہل خانہ سے ملنے کے لیے گئے تھے۔پیر کو اسمبلی میں اپوزیشن اور حکمران بنچوں کے درمیان گرما گرم تبادلہ دیکھنے میں آیا، جب ارکان نے کٹھوعہ میں شہری ہلاکتوں سمیت مختلف مسائل کو اٹھایا۔سی پی آئی(ایم)کے ایم وائی تاریگامی نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ وہ ان ہلاکتوں پر ایوان کی تشویش کا اظہار کریں۔عبداللہ نے ریاستی بجٹ پر بحث کے آغاز سے پہلے کہا”تاریگامی نے بجا طور پر نکتہ اٹھایا ہے،ایوان کے قائد کی حیثیت سے میں کٹھوعہ کی صورتحال پر اپنی اور ایوان کی تشویش کو ریکارڈ کرنا چاہتا ہوں، ہم بے گناہوں کے قتل(پانچ افراد)کی مذمت کرتے ہیں اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں‘‘۔ان میں سے تین5 مارچ کو شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔16 فروری کو شمشیر (37) اور روشن (45) کی لاشیں بلاور کے کوہاگ گائوں سے ملی تھیں، ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹس میں گلا گھونٹنے کا انکشاف ہوا تھا۔وزیر اعلیٰ نے کہا”کیا ہوا، کیسے ہوا اور کیوں ہوا ،یہ تحقیقات کا معاملہ ہے ،جو جاری ہے۔ ایوان میں اس پر بحث کرنا مناسب نہیں ہوگا، ایک ایم ایل اے (رامیشور سنگھ) وہاں جانا چاہتے تھے اور ان کے ساتھ جو ہوا وہ سب کو معلوم ہے، اس پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے اور مناسب کارروائی کی جانی چاہئے، کیونکہ وہ وہاں سیاست کرنے نہیں گئے تھے‘‘۔عبداللہ نے کہا کہ قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے سوگوار خاندان سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ کے واقعات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں حیران ہوں کہ ایک لیڈر آف اپوزیشن کوسوگوار خاندانوں سے ملنے کی اجازت دی گئی لیکن ڈپٹی چیف منسٹر (سریندر چودھری)کو روک دیا گیا،میں نے اتوار کی صبح ڈپٹی چیف منسٹر سے بات کی کیونکہ انہوں نے کٹھوعہ کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور انتظامیہ کو اپنے پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا تھا،لیکن اتوار کو ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی مزید تعیناتی کی گئی تھی، اور انہیں بتایا گیا تھا کہ اس موقع پر علاقے کا ان کا منصوبہ بند دورہ مناسب نہیں تھا۔ اس نے مجھ سے فون پر بات کی اور پوچھا کہ اسے کیا کرنا چاہیے۔ میں نے ان سے کہا کہ ہم غیر ذمہ دار لوگ نہیں ہیں اور اگر انتظامیہ کو یہ خدشہ ہے کہ ہمارے دورے سے حالات خراب ہو سکتے ہیں تو بہتر ہے کہ وہاں نہ جائیں‘‘۔وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے چودھری کو جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس سے بات کرنے کو کہا، لیکن وہ مرکزی سیکرٹری داخلہ کے دورے میں مصروف تھے۔عبداللہ نے کہا کہ اس کے بعد انہوں نے کٹھوعہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے بات کی جنہوں نے انہیں بتایا کہ حالات کشیدہ ہیں اور انہیں کچھ دن انتظار کرنا چاہئے۔وزیر اعلیٰ نے پوچھا”تاہم، میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اگر صورتحال ایسی تھی کہ نائب وزیر اعلیٰ وہاں نہیں جا سکتے تھے، تو لیڈر آف اپوزیشن کو اجازت کیسے دی گئی،” ۔تاہم شرما نے اپنے دورے کے بارے میں ان سے استدلال کرنے کی کوشش کی لیکن عبداللہ نے کہا”آپ جواب نہیں دے سکتے کیونکہ میں آپ سے نہیں پوچھ رہا ہوں، میرا سوال ان لوگوں سے ہے جنہوں نے آپ کو(کٹھوعہ جانے کی) اجازت دی لیکن نائب وزیر اعلیٰ کو روک دیا‘‘ ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہم ایک نئی انتظامیہ کے تحت ہیں جس میں آپ(شرما)پولیس کے ترجمان بن گئے ہیں، میں نے حقیقت ایوان کے سامنے رکھی ہے اور پولیس کو جواب دینا پڑے گا، آپ کو نہیں۔بعد میں، شرما نے کہا کہ وہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور وزیر داخلہ کی جانب سے لوگوں کو یقین دلانے کے لیے علاقے کا دورہ کیا ہے۔