محمد تسکین
بانہال// بارشوں اور برفباری کیلئے محکمہ موسمیات کیطرف سے کی گئی پیشگوئی کے عین مطابق وادی چناب کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ ضلع را م بن میں اتوار کی دوپہر سے موسم تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے اور مطلع ابر آلود ہوگیا ۔ اس سے پہلے اتوار کی صبح سے دوپہر تک کھلی کھلی دھوپ تھی تاہم بعد میں بادلوں نے اس کی جگہ لی ۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف سے سفر کیا جبکہ رام بن اور بانہال کے درمیان کئی مقامات سڑک کی خرابی کے پیش نظر مال گاڑیوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں ہی چلنے کی اجازت تھی ۔ اتوار کی صبح سے بانہال بائی کے کچھ کام کی وجہ سے سرینگر سے جموں جانے والے ٹریفک کو قصبہ بانہال سے گزرنے والی سابقہ شاہراہ سے چھوڑا گیا تھا جبکہ جموں سے سرینگر کا ٹریفک بانہال بائی کی ایک ٹیوب سے گزر رہا تھا ۔