عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے کٹھوعہ میں تین افراد کی ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں 35 سالہ جوگیش سنگھ ساکن مارہون، 40 سالہ درشن سنگھ اور 14 برون سنگھ ساکنان دیہوٹا بلاور نامی تین افراد 7 مارچ کو ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے کہ لاپتہ ہوگئے اور ان کی لاشیں ہفتے کی سہہ پہر کو بلاور کے بالائی علاقے سے برآمد ہوئیں۔
موصوف رکن اسمبلی نے اس واقعے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اتوار کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘میں کٹھوعہ میں تین نوجوانوں کی بہیمانہ ہلاکت کی پر زور مذمت کرتا ہوں’۔
انہوں نے کہا: ‘ ایسے واقعات انتہائی پریشان کن ہیں اور مہلوکین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے’۔
دریں اثنا مرکزی داخلہ سکریٹری اتوار کو جموں میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کر رہے ہیں۔
کٹھوعہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے:محمد یوسف تاریگامی
