عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ایک نوجوان اور اس کے دو رشتہ داروں کی لاشیں ہفتہ کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے اونچے حصے میں ایک آبشار کے قریب سے تین دن بعد برآمد ہوئیں۔خیال رہے کہ وہ اپنے گھر میں شادی کی تقریب کے دوران لاپتہ ہوئے تھے ۔حکام نے بتایا کہ دیہوٹا کے ورون سنگھ (15سال)، اس کے چچا یوگیش سنگھ (32سال) اور ماموں درشن سنگھ (40سال) کی لاشیں ملہار علاقے کے اشو نالہ میں پولیس اور فوج کے مشترکہ تلاشی آپریشن کے دوران ڈرون کے ذریعے دیکھی گئیں۔حکام نے بتایا کہ بعد میں لاشوں کو ایک کوشش کے بعد جائے وقوعہ سے نکالا گیا کیونکہ یہ علاقہ بہت بڑا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں دہشت گردی کے زاویے سے انکار کیا گیا ہے کیونکہ لاشوں پر زخم کے کوئی نشانات نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔حکام نے بتایا کہ درشن کے بھائی برجیش کی شادی ہو رہی تھی اور تینوں دلہن کے گھر بلاور تحصیل کے لوہائی ملہار کے لیے پیشگی دن شام 5.30بجے روانہ ہو گئے تھے۔تاہم، درشن نے رات 8.30 بجے کے قریب اپنے گھر پر آخری کال کی اور انہیں بتایا کہ وہ اپنا راستہ کھو چکے ہیں۔چونکہ وہ گھر لوٹنے میں ناکام رہے، پولیس اور فوج کی جانب سے ان کا سراغ لگانے کے لیے ایک تلاشی آپریشن شروع کیا گیا کیونکہ اس علاقے میںملی ٹینسی کے کئی واقعات دیکھنے میں آئے، جن میں ایک آرمی گاڑی پر حملہ بھی شامل ہے جس میں پچھلے سال پانچ فوجی مارے گئے تھے۔بی جے پی کے رکن اسمبلی ستیش شرما نے جمعہ کو جموں و کشمیر اسمبلی میں یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔شرما نے کہاتھا’’میں ایوان کو تین لاپتہ شہریوں کے بارے میں مطلع کرنا چاہتا ہوں۔ ہم حکومت سے جواب طلب کرتے ہیں‘‘۔16فروری کو، دو دیہاتیوں کی لاشیں شمشیر (37سال) اور روشن (45سال) بلاور کے گاؤں کوہاگ سے ملی تھیں اور ان کے پوسٹ مارٹم سے پتہ چلا کہ انہیں گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔