نعت رسولﷺ
عدو کے دلوں پر حکومت کرو
سیاست کو آقا کی سنت کرو
بلاؤں نے آقا ہے گھیرا مجھے
نبیؐ جانِ رحمت ہو رحمت کرو
یقیناً مدینہ دکھائے گا رب
نبی کے وسیلے سے منت کرو
خدارا دوعالم کے مختار سے
محبت محبت محبت کرو
سروں پر ہے مہرِ قیامت نبیؐ
شفیع الامم ہو شفاعت کرو
نبیؐ، تشنہء کربلا کے طفیل
مجھے جامِ کوثر عنایت کرو
مجھے یادِ طیبہ میں ہے ڈوبنا
کرو واعظو ذکرِ جنت کرو
درود و سلام آپؐ پر بھیج کر
حصولِ مفادات و برکت کرو
ذکیؔ ڈوب کر عشقِ سرکار میں
بچی زندگی خوب صورت کرو
ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج، بارہ بنکی، یوپی
ماہ رمضاں
آگیا رمضاں عبادت کیجیے
اپنے خالق کی اطاعت کیجیے
بالیقیں پُر نور ہوگی قبر بھی
دل سے قرآں کی تلاوت کیجیے
ہوگا راضی آپ سے بیشک خدا
مال وزر ہے تو سخاوت کیجیے
روح جب تک جسم میں باقی رہے
دین وسنت کی اشاعت کیجیے
جب کبھی آئے مصیبت آپ پر
اپنے آقا کی اطاعت کیجیے
ظالموں کا ساتھ دینا ظلم ہے
حق پرستوں کی حمایت کیجیے
شاعری سے جب تمہیں فرصت ملے
تو کبھی احسنؔ سیاست کیجیے
افتخار حسین احسن ؔ
موبائل نمبر؛6202288565
سلام
(بارگہِ رساستؐ پناہ میں)
السلام اے تاجدارِ انبیا
السلام اے مظہرِ نورِ ہُدا
السلام اے صاحبِ خیر الورا
السلام اے مصدرِ جُود و سخا
السلام اے معدنِ خُلقِ عظیم
السلام اے قاسمِ لُطفِ عمیم
السلام اے منبعِ اَخلاقِ دین
السلام اے ہادیِ راہِ مُبین
السلام اے داعیِ علمِ الیقین
السلام اے شاہدِ حق المبین
کون ہے تجھ سا یہاں دُرِّ یتیم
ہے مُنور بس تری ذاتِ حریم
تیرے دم سے ہی ملا ہم کو خدا
یہ تیرا احسان ہم پر ہے سدا
کیوں نہ ہوں تجھ پر فِدا سب آدمی
کیوں نہ مانیں ہم ترے فرمان بھی
کردیا قرآں سے تُو نے آشنا
ورنہ تھے ہم بے خبر ناآشنا
تُو نے سکھلایا سبق توحید کا
عُقدہ کھولا کلمۂ تمجید کا
السلام اے صاحبِ روشن ضمیر
السلام اے قاطعِ بدرِ مُنیر
السلام اے سیدِ ختمِ رُسُل
گوہر کُل تُو ہے دانائے سُبل
اے امام المتقین تجھ پر سلام
اے سراج السالکین تجھ پر سلام
چشمِ گریاں دِر پئے دیدارِ تو
اَشک لرز انست زادِ راہِ تُو
ڈاکٹر میر حسام الدین
گاندربل، کشمیر،موبائل نمبر؛9622729111
مبارک ماہ صیام
فریاد ہے میری قبُول کریں سب میرا یہ سلام
آمن بھرا ہے دل سے سب کو میرا یہ پیغام
رحمتوں برکتوں محبتوں کا ماہ ہے یہ صیام
کرلو حاصل مجھے بھی دے دو میرا یہ انعام
رہے نا کوئی پرہیز بِنا یہ سب کا ہے اِمتحان
ایک ماہ کے روزوں میں بے تحاشہ ہے شان
نا رہےکوئی بُھوکھایہاں سحری وہ بھی کھائے
دی محبت آپ کی جو ہے حاصل کر بھی پائے
مٹھاس ہو زباں کے اُوپر طاقت ہو رُوحانی
آنکھ کان زباں کا روزہ کریں نا یہ شیطانی
یہ سفر ہے قطاروں میں ہو سجدوں کا احترام
بھائی چارے و امن بھرا ہو ہم سب کا پیغام
یہ مبارک ہم سب کو ہے مل کر کریں اِتمام
ہے ثواب بے حد یہاں صفُوں میں کریں قیام
ایک ہی منزل کُنڈریاؔ سب کی نیک دعائیں کرو
ہاتھ اُٹھاکرخُوب محبتیں سب دلوں میں بھرو
فریاد ہے میری قبُول کریں سب میرا یہ سلام
دل سے آمن بھرا ہے سب کو میرا یہ پیغام
عبدالقادرکُنڈریا
رمضان
رب کا ہوا ہے ہم پہ یہ احسان مومنو
جس نے عطا کیا ہے یہ رمضان مومنو
ہر طرف رونقیں ہیں ہر طرف محفلیں
اس ماہ کی برکتوں پہ ہو قربان مومنو
بخشش کے در کھلے ہیں بھرو جھولیاں سبھی
کر لو سبھی یہ پورے ارمان مومنو
بدلے میں ایک نیکی کے سترگُنا ثواب
اب ہوگیا ہے قید بھی شیطان مومنو
دیکھو تو مانگ کر وہ رب الکریم ہے
رمضاں کے صدقے بخشش ہے آسان مومنو
گناہوں کی مانگ لینا معافی اب سحرؔ
پل بھر کا ہی تو یہ ہے مہمان مومنو
ثمینہ سحر ؔمرزا
بڈھون راجوری، جموں