عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے انکشاف کیا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران یونین ٹیریٹری میں انسان اور جنگلی جانوروں کے درمیان تصادم کے واقعات میں 32 افراد ازجان جبکہ 269 زخمی ہوئے۔
ایم ایل اے میر سیف اللہ کے سوال کے جواب میں حکومت نے بتایا کہ اس عرصے میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو مجموعی طور پر 2.76 کروڑ روپے بطور معاوضہ ادا کیے گئے ہیں۔
محکمہ جنگلات، ماحولیات اور ماحولیاتی توازن کے انچارج وزیر نے بتایا کہ 2023-24 میں 16 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ 2024-25 میں بھی 16 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
اسی طرح، 2023-24 میں 124 افراد زخمی ہوئے، جبکہ 2024-25 میں یہ تعداد بڑھ کر 145 ہو گئی، یوں گزشتہ دو سالوں میں مجموعی طور پر 269 افراد زخمی ہوئے۔
وزیر نے اس دعوے کو مسترد کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ معاوضہ حکومت کے آرڈر نمبر 139 JK (FST) آف 2023، مورخہ 28.06.2023 کے مطابق فراہم کیا جا رہا ہے۔
سال 2023-24 میں 1.21 کروڑ روپے معاوضہ دیا گیا، جبکہ 2024-25 میں یہ رقم بڑھ کر 1.55 کروڑ روپے ہو گئی، یوں دو سالوں میں مجموعی طور پر 2.76 کروڑ روپے متاثرین میں تقسیم کیے گئے۔