محمد تسکین
بانہال // تحصیل ہیڈکوارٹر کھڑی اور وادی نیل میں بھی صارفین بجلی نے کھڑی۔ مہو۔منگت اور نیل کے علاقوں میں بجلی کی بار بار کی کٹوتی اور سحری اور افطاری کے وقت بجلی بند رکھنے کے معاملات کو لیکر محکمہ بجلی ، سرکار اور انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ بجلی کی عدم دستیابی کو لیکر کھڑی بس سٹینڈ میں جمع ہوئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے محکمہ بجلی ، سرکار اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج درج کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بجلی صارفین کو بہتر بجلی سپلائی فراہم کرنے میں مکمل طور سے ناکام ہو چکا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہےکہ رمضان کے اس مقدس مہینے میں نہ ہی سحری اور نا ہی افطاری کے وقت بجلی دیکھنے کو ملتی ہے اور یہ سب بجلی صارفین کے ساتھ سراسر دھوکہ ہے۔ انہوں نے کہا کھڑی میں بجلی کا رسیونگ سٹیشن بالکل تیار ہیں لیکن ارباب اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو اس سٹیشن کا ربن کاٹنے کیلئے وقت نہیں مل رہا ہے اور ناہی انتظامیہ کو لوگوں کی پریشانی سے کوئی سروکار ہے ۔ بیوپار منڈل کھڑی کے صدر محمد یاسین سہمت نے کہا کہ محکمہ بجلی نے ہمیں یہ احتجاج کرنے پر مجبور کر دیا کیونکہ محکمہ بجلی معقول بجلی سپلائی فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہا ہے۔ انہوں نے تحصیلدار کھڑی سے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں جگہ جگہ اُونچے داموں میں گراہکوں کو خرد و نوش کی چیزیں فروخت کی جا رہی ہیں اور اس لوٹ کھسوٹ کو روکنے کیلئے تحصیل انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی قسم کی کوئی کاروائی نہیں کی گئی یے اور ناہی اس لوٹ کھسوٹ اور من مانی قیمتیں وصولنے والے دکانداروں کو کوئی پوچھنے والا ہے ۔ انہوں نے تحصیلدار کھڑی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریبوں کا خیال رکھتے ہوئے اپنی ڈیوٹی کو اچھی طرح سے انجام دینے کی کوشش کریں اور عوامی فلاح و بہبود اور صاف و شفاف انتظامیہ کے سرکاری دعووں کو عملی جامہ پہنایا جائے۔