عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل نے جمعہ کے روز ضلع ماحولیاتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں سال 2024-25 کے لئے ضلع ماحولیاتی منصوبے کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ اور بہتری کے لئے جاری پیش رفت، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ماحولیاتی نظم و نسق کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا، جن میں ہوا کی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات، ٹھوس فضلہ مینجمنٹ پلان، بایومیڈیکل فضلہ مینجمنٹ، پلاسٹک فضلہ مینجمنٹ، فضلہ کی جمع آوری، علیحدگی اور علاج کے طریقے، آلودہ آبی ذخائر پر کنٹرول، گھریلو سیوریج مینجمنٹ، معدنیاتی سرگرمیوں کا نظم و نسق، خطرناک اور ای-ویسٹ مینجمنٹ، اور پانی کے معیار کی نگرانی شامل تھے۔ٹھوس فضلہ مینجمنٹ پلان کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے میونسپل حکام کو ہدایت دی کہ فضلہ کو سائنسی اور منظم انداز میں ٹھکانے لگانے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پونچھ قصبے میں میکینکل روڈ سویپنگ متعارف کرانے اور تعمیراتی فضلہ کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ہوا اور پانی کی آلودگی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، انہوں نے محکمہ آلودگی کنٹرول اتھارٹی کو شہری علاقوں میں مزید فضائی معیار کی نگرانی کے نظام نصب کرنے اور قصبے کے قریبی علاقوں میں ہر ہفتے پانی کے نمونے لینے کی ہدایت دی۔پلاسٹک فضلہ مینجمنٹ کے حوالے سے، متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کئے جائیں۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ سنگل یوز پلاسٹک کی فہرست مرتب کریں اور عوام میں پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے کے حوالے سے شعور اجاگر کریں۔ڈی سی وکاس کنڈل نے کہاکہ ’ماحولیاتی تحفظ کا منصوبہ آئندہ نسلوں کے لئے ایک اہم اقدام ہے۔ ہمیں ماحول کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی تاکہ ایک صحت مند اور پائیدار مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔