عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/حکومت نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہر سال کینسر کے کیسز میں 2 سے 3 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔ اسمبلی میں ایم ایل اے تنویر صادق کے سوال کے جواب میں، وزیر صحت سکینہ ایتو نے بتایا کہ 2018 سے 2024کے دوران کشمیر میں 50551 اور جموں میں 13912کینسر کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، گزشتہ تین سالوں میں سالانہ نئے کیسز کی تعداد میں 2سے 3فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ فی الحال، جموں و کشمیر میں کینسر کے مریضوں کو خصوصی علاج SKIMS سرینگر اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں فراہم کیا جا رہا ہے، جہاں کئی سہولیات دستیاب ہیں۔
وزیر نے کہا کہ کشمیر میں کینسر کے مریضوں کو ریڈی ایشن آنکولوجی، کرٹیکل کیئر آئی سی یو، نیورو آئی سی یو، سی وی ٹی ایس آئی سی یو، پلمونری آئی سی یو اور پیڈیاٹرک آئی سی یوجیسی سہولیات SKIMS میں دستیاب ہیں، جبکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں او پی ڈی سروسز، کیموتھراپی، پی ای ٹی سی ٹی اسکین، براکی تھراپی، ریڈیالوجی ٹیسٹ، ڈیجیٹل ریڈیالوجی اور کولپوسکوپی کی سہولیات موجود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ صورہ میں فعال ہے، جہاں میڈیکل آنکولوجی کے مریضوں کے لیے ڈے کیئر سہولت، کلینیکل ہیماٹولوجی، ریڈی ایشن آنکولوجی، میڈیکل آنکولوجی اور ریڈی ایشن آنکولوجی کے لیے ان پیشنٹ کیئر کی سہولت موجود ہے۔ اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ کے تیسرے فلور پر بون میرو ٹرانسپلانٹ سہولت کی منتقلی کے لیے تیار ہے، جبکہ عملے کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔
وزیر نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کے لیے مخصوص آپریشن تھیٹر سکمزصورہ میں جلد ہی فعال کیا جا رہا ہے۔ ریڈی ایشن آنکولوجی کے لیے بون میرو ٹرانسپلانٹ کی منتقلی کی تیاریاں مکمل ہیں، لیکن عملے کی بھرتی کے لیے معاملہ متعلقہ ایجنسیوں کو بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں میں اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ میں تین آپریشن تھیٹر اور 10 بستروں پر مشتمل آئی سی یو کی تعمیر آخری مراحل میں ہے، جو مارچ 2025 کے آخر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
وزیر نے کہا کہ حکومت نے کینسر کے علاج کو اضلاع تک پھیلانے کی کوششیں کی ہیں اور ضلع سطح پر ڈے کیئر سینٹرز میں کیموتھراپی کی سہولت فراہم کر کے اس مقصد کو بڑی حد تک حاصل کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہاحکومت نے جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں کینسر کے علاج کی سہولیات قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔
جموں و کشمیر میں ہر سال کینسر کیسز میں 2 سے 3 فیصد اضافہ: وزیر صحت
