محمد تسکین
بانہال//آرمی پبلک سکولوں میں داخلہ کیلئے فوج کی طرف سے ضلع رام بن کے بچوں کیلئے مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا اور اس سلسلے میں فوج نے ناچلانہ رام بن میں بچوں کے انٹرنس امتحانات منعقد کروائے ہیں۔ ضلع رام بن کے ناچلانہ اور کھڑی میں فوج کی طرف سے ہفتوں کی محنت کے بعد انٹرنس امتحان کیلئے تیار کئے گئے سینکڑوں بچوں نےآرمی پبلک سکولوں میں داخلہ کیلئے انٹرنس امتحان میں شرکت کی اور فوج کے اس اقدام سے سینکڑوں غریب بچوں کو فوج کے سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ فوج کی طرف سے منعقد کئے گئے انٹرنس امتحان میں چار سو سے زائد بچوں کو مفت کوچنگ دی گئی اور انہوں نے انٹرنس امتحان میں شرکت کی ۔ریاسی ، رام بن اور ڈوڈہ کے کئی دیہات سے تعلق رکھنے والے طالب علموں نے بتایا کہ وہ فوج کی راشٹریہ رائفلز کا شکریہ دا کرتے ہیں کہ ان کی بدولت وہ اس امتحان کا حصہ بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے مفت کوچنگ فراہم کرکے انہیں اس قابل بنایا کہ وہ آرمی پبلک سکول میں داخلہ کیلئے اس امتحان میں شامل ہوئے ہیں ۔