سمت بھارگو
پونچھ// ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس راجوری-پونچھ رینج تجندر سنگھ نے پونچھ میں سب ڈویژنل پولیس افسران اور اسٹیشن ہاؤس افسران کے ساتھ ایک جامع کرائم ریویو میٹنگ کی صدارت کی۔یہ اجلاس ضلع پولیس لائنز (DPL) پونچھ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین، ایڈیشنل ایس پی پونچھ، سپرنٹنڈنٹ پولیس آپریشنز پونچھ، ایس ڈی پی او مینڈھر، ایس ڈی پی او سرنکوٹ، ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹرز پونچھ، ڈپٹی ایس پی آپریشنز پونچھ، ڈپٹی ایس پی ڈی اے آر پونچھ، ڈی آئی جی آر پی رینج کے پرائیویٹ سیکرٹری، تمام ایس ایچ اوز، آر پی ایچ کیو اور ڈی پی او کے عملے نے شرکت کی۔اجلاس میں نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS)، بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (BNSS)، اور بھارتیہ ساکشیا ادھینیم (BSA) شامل ہیں۔اس کے علاوہ اجلاس میں جرائم کے زیر تفتیش مقدمات کا جائزہ لیا گیا، یو اے پی اے اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی فوری تحقیقات اور ان کے جلد نمٹارے پر زور دیا گیا۔قانون و امن و امان کی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے اقدامات، پولیس اسٹیشن کی سطح پر انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مضبوط بنانے اور انسداد دراندازی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔پولیس کے مطابق، اجلاس میں منشیات کی اسمگلنگ اور عوامی شکایات کے ازالے کے نظام پر بھی گفتگو ہوئی، جس میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی اور عوامی مسائل کے بروقت حل پر زور دیا گیا۔ڈی آئی جی نے ٹریفک مینجمنٹ کی نگرانی کی، جس میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔ ساتھ ہی، پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کے حل اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری لانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی تجندر سنگھ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ نئے فوجداری قوانین (BNS, BNSS, BSA) سے مکمل واقفیت حاصل کریں اور مقدمات کو بروقت نمٹائیں۔ایس ایچ اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ سی اے ایس ۔سی سی ٹی این ایس سسٹم میں بروقت ڈیٹا اپ لوڈ کریں اورسی سی ٹی این ایس سے منسلک پورٹلز کو مؤثر کیس مینجمنٹ کے لئے مکمل طور پر استعمال کریں۔انسداد دہشت گردی کارروائیوںانٹیلی جنس نیٹ ورکس کو مزید مؤثر بنانے، اور پولیس تنصیبات خصوصاً حساس مقامات پر سیکورٹی کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔ایس ایچ اوز کو ماہانہ، پندرہ روزہ، ہفتہ وار اور روزانہ اہداف مقرر کیے گئے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اقدامات اور جرائم پر قابو پانے کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر ڈی آئی جی آر پی رینج نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ وہ فعال پولیسنگ کو یقینی بنائیں اور ضلع پونچھ میں قانون نافذ کرنے کے نظام کو مزید مضبوط کریں۔