عظمیٰ نیوز سروس
راجوری/ پونچھ// رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جب روزہ دار سحری اور افطار کی تیاریوں میں مصروف ہوتے ہیں، تبھی اچانک بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ان کے لئے مشکلات کا باعث بن جاتی ہے۔ راجوری اور پونچھ کے مختلف علاقوں میں سحری اور افطار کے وقت بار بار بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک مسلسل مسئلہ بن چکا ہے۔ ایک شہری نے شکوہ کرتے ہوئے کہاکہ ’’’رمضان کے دوران سحری اور افطار کے وقت بجلی چلی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہمیں شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘‘۔عوام کا مطالبہ ہے کہ حکام اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں، خاص طور پر ان اوقات میں جب لوگوں کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ ایک تکنیکی مسئلہ ہو سکتا ہے، جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم میں بہتر منصوبہ بندی کی کمی اس کا سبب ہے۔راجوری اور پونچھ کے کئی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کوئی نئی بات نہیں، لیکن رمضان میں یہ معاملہ مزید سنگین ہو جاتا ہے۔ افطار اور سحری کے دوران بار بار بجلی جانے سے نہ صرف روزہ داروں کو پریشانی ہوتی ہے بلکہ گھریلو خواتین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو کھانے کی تیاریوں میں مصروف ہوتی ہیں۔مقامی باشندوں نے بجلی کے محکمے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیں اور رمضان کے دوران ایک مستحکم اور بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔