عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) میں تعلیمی اور رہائشی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے رْکے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام اور سرکاری محکموں کے افسران نے موقع پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیا۔وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ان ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ رجسٹرار ابھشیک شرما (ڈپٹی کمشنر راجوری) اور محکمہ تعمیرات عامہ (سڑکیں اور عمارات) کے چیف انجینئر ارشد انیل کمار پاندوھی بھی موجود تھے۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق، کئی اہم انفراسٹرکچر منصوبوں پر جلد کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔حکام کے مطابق مرکزی لائبریری – طلبہ اور محققین کے لئے علمی مرکز،گیسٹ ہاؤس – دورہ کرنے والے ماہرینِ تعلیم اور معزز مہمانوں کے لئے سہولت،تعلیمی شعبہ جات – جدید تدریسی سہولیات کی فراہمی کے لئے اہم،اسکالرز ہاسٹل – ریسرچ اسکالرز کے لئے معیاری رہائشی سہولت،مزید برآں، طلبہ کے ہاسٹلز کی مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو بہتر رہائشی سہولت فراہم کی جا سکے۔وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال نے ترقیاتی منصوبوں کی بحالی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ’’یہ منصوبے یونیورسٹی میں تعلیمی اور رہائشی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے نہایت ضروری ہیں۔ ہم پوری کوشش کریں گے کہ یہ کام جلد از جلد مکمل ہوں تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو ایک بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے‘‘۔دورے کے دوران، وائس چانسلر نے خود مختلف منصوبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر رجسٹرار ابھشیک شرما، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی ارشد انیل کمار پاندوھی، ایگزیکٹو انجینئر سردار خان، اور یونیورسٹی کے انچارج ورکس ڈاکٹر احمد ریاض بھی موجود تھے۔یونیورسٹی انتظامیہ پرعزم ہے کہ ان منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ تعلیمی اور رہائشی سہولتوں میں بہتری لائی جا سکے۔