بلال فرقانی
سرینگر// ٹھیکداروں کی جانب سے قریب2ہزار کروڑ روپے کے واجبات میں تاخیر کے خلاف شمال و جنوب رابطہ مہم کے بیچ محکمہ خزانہ نے تمام ٹینڈروں میں انتظامی منظوریوں اور تکنیکی اجازتوں کے حوالہ نمبروں کے انداراج کے عمل کوذمہ قرار دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹھیکیداروں اور فروخت کنندگان کو ادائیگیوں میں درپیش تاخیر کو کم کرنا ہے۔یہ سرکیولرمالیاتی کمشنر ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں انتظامی منظوریوں اور تکنیکی اجازتوں کے باوجود ادائیگیوں میں تاخیر کا مسئلہ اٹھایا گیا۔ مالیاتی محکمہ نے نوٹ کیا کہ ٹینڈرز میں مخصوص حوالہ نمبروں کی غیر موجودگی کے سبب منظوریوں کی تصدیق میں مشکلات پیش آتی ہیں، جس کے نتیجے میں ادائیگیاں تاخیر کا شکار ہوتی ہیں۔سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے’’یہ بات مالیاتی محکمہ کے نوٹس میں آئی ہے کہ بعض ٹینڈروں میں، اگرچہ انتظامی منظوری اور تکنیکی اجازتیں دی جاچکی ہیں، پھر بھی ادائیگیوں میں تاخیر ہو رہی ہے کیونکہ ان منظوریوں اور اجازتوں کے حوالہ نمبروں کا ذکر نہیں ہوتا‘‘۔اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے، تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مستقبل میں تمام ٹینڈروں میں انتظامی منظوریوں اور تکنیکی اجازتوں کے حوالہ نمبروں کو شامل کریں۔ اس ہدایت سے ٹینڈرنگ کے عمل میں شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں ادائیگیاں بروقت ہوں گی۔ اس سے ٹھیکیداروں اور فروخت کنندگان کو بروقت ادائیگیاں ملنے میں مدد ملے گی اور پیچیدگیاں کم ہوں گی۔