عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // بفلیاز سے دیرہ کی گلی (DKG) جانے والی مرکزی سڑک ساونی کے مقام پر شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔ مسلسل بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی تودے گرنے سے سڑک پر بڑے بڑے پتھر اور ملبہ جمع ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق، راستہ بحال کرنے کے لئے بھاری مشینری موقع پر روانہ کر دی گئی ہے، تاہم مسلسل خراب موسم اور مزید ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث بحالی کے کام میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ مقامی حکام نے مسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات علاقے میں اکثر پیش آتے ہیں، تاہم بروقت اقدامات نہ ہونے کے باعث مسافروں اور رہائشیوں کو بار بار مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوامی مطالبہ ہے کہ انتظامیہ سڑک کی مستقل بحالی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔