رمیش کیسر
نوشہرہ// نوشہرہ بگنوٹی قومی شاہراہ پر ایک افسوسناک حادثے میں ٹیمپو اور ایکس یو وی کار کی زوردار ٹکر سے پانچ مسافر شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ حادثہ بگنوٹی گاؤں کے قریب پیش آیا، جہاں ٹیمپو زیر نمبر JK02BC 1693اور ایکس یو وی کار زیرنمبر JK11D 5477آپس میں ٹکرا گئے۔اس حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی شناخت اشہ شرما دختر رتن لال، ساکن مرادپور،کلدیپ کمار ولد منگا رام سکنہ جموں،رضیہ سلطان زوجہ تاج خان، سکنہ راجوری،چنچل دیوی زوجہ رام پرکاش، ساکن بتھونی، راجوری،کاجل شرما دختر رتن لال، ساکن مرادپور، راجوری کے طورپر ہوئی ہے ۔زخمیوں کو راجوری میڈیکل کالج منتقل کیا گیاحادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر نوشہرہ ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی تاہم ان کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے، بہتر علاج کے لئے انہیں راجوری میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔پولیس نے حادثے میں ملوث دونوں گاڑیوں کو ضبط کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ٹیمپو کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب رہا، جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لئے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مقامی لوگوں نے اس بڑھتے ہوئے حادثاتی رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پر آئے دن حادثات رونما ہو رہے ہیں، جس کے لیے انتظامیہ کو مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بگنوٹی کے قریب سڑک پر مناسب ٹریفک کنٹرول اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کو روکا جا سکے۔حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک پر احتیاطی تدابیر اپنائیں اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔