بلال فرقانی
سرینگر/ محکمہ مکانات و شہری ترقی نے مرکزی ویجی لنس کمیشن کی ہدایات پر عملدرآمد کیلئے ایک سرکولر جاری کیا ہے، جس کا مقصد جموں کشمیر میں خریداری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ ہدایات کے مطابق، یہ معیار نہ تو بہت سخت ہونے چاہئیں اور نہ ہی بہت نرم تاکہ بولی دینے والوں کیلئے مساوی مقابلے کی سہولت ہو۔ ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کم از کم ضروری اہلیت اور تجربہ پیشگی طے کیا جائے اور بولیوں کے قبول یا مسترد ہونے کے عمل میں شفافیت کا خیال رکھا جائے۔ایک اہم پہلو یہ ہے کہ ’’دوہری بولی نظام‘‘ اپنانا ضروری ہے جس میں تکنیکی اور قیمت کی بولیاں علیحدہ کھولی جائیں گی، اور قیمت کی بولیاں صرف اْنہی وینڈروں کی کھولی جائیں گی جو تکنیکی معیار پر پورا اْترتے ہوں۔ سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بولی جمع کرانے کے دوران بعض معمولی نقائص یا کمیوں کو نرم کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ وہ بولی کی قیمتوں یا رینکنگ کو متاثر نہ کریں۔اس کے علاوہ، ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سامان، خدمات اور کامو کیلئے بولیوں میں کسی بھی انحراف یا کمی کو اہم یا معمولی کے طور پر درجہ بندی کیا جائے گا۔ معمولی انحرافات کو اس صورت میں منظور کیا جا سکتا ہے جب وہ مجموعی رینکنگ کو متاثر نہ کریں یا کسی بولی دینے والے کو غیر منصفانہ فائدہ نہ دیں۔محکمہ مکانات و شہری ترقی نے تمام محکموں کے سربراہان اور رقومات واگزار و تقسیم کرنے والے افسراں پر زور دیا ہے کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور 2017 کے عمومی مالیاتی ضوابط، متعلقہ دستیاب ہدایات اور خریداری کے عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے دیگر حکومتی ہدایات کی پیروی کریں۔