یو این آئی
نئی دہلی//چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انل چوہان آج آسٹریلیا کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔وزارت دفاع کے مطابق ان کا یہ دورہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دفاعی تعاون کے میدان میں بڑھتے ہوئے تعلقات کیلئے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ وہ آسٹریلوی محکمہ دفاع کے سینئر حکام اور آسٹریلوی ڈیفنس فورس کی فوجی قیادت کے ساتھ وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔ بات چیت میں آسٹریلیا کی ڈیفنس فورس کے سربراہ جنرل ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن، ان کے وزیر دفاع گریگ موریارٹی اور تینوں افواج کے سربراہان شامل ہوں گے۔آسٹریلیا کے آپریشنل کمانڈ کے ڈھانچے کی معلومات ھاصل کرنے اور مشترکہ کارروائیوں کیلئے ممکنہ مواقع پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے سی ڈی سی جنرل انل چوہان فورس کمانڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے۔ جنرل چوہان آسٹریلوی فلیٹ کمانڈر اور جوائنٹ آپریشنز کمانڈر سے بھی بات چیت کریں گے۔ پیشہ ورانہ فوجی تربیت اور تعلیم کے تئیں ہندوستان کی وابستگی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے، سی ڈی ایس مشہور آسٹریلیائی دفاعی کالج کا دورہ کرنے والے ہیں، جہاں وہ ہند-بحرالکاہل کے خطے میں اسٹریٹجک چیلنجز پر سینئر عہدیداروں سے خطاب کریں گے۔ سی ڈی ایس آسٹریلیا کے معروف تھنک ٹینک لووی انسٹی ٹیوٹ میں ایک گول میز مباحثے کی صدارت بھی کریں گے۔