حسین محتشم
پونچھ//ملی ٹینسی کو روکنے اور اس کے معاون ڈھانچے کو ختم کرنے کے لئے ایک اہم اقدام میں، پونچھ پولیس نے ضلع پونچھ کے گاؤں قصبہ اور کیرنی میں 14.8 کنال اراضی، جس کی قیمت تقریباً 28 لاکھ روپے بنتی ہے، کو ضبط کر لیا ہے۔ یہ جائیدادیں پاکستان سے کام کرنے والے تین مقامی ملی ٹینٹوں نجب دین ولد محمد ساکن گاؤں کرنی تحصیل حویلی ضلع پونچھ،محمد لطیف ولد محمد ساکن گاؤں کرنی تحصیل حویلی، ضلع پونچھ اور محمد بشیر عرف ٹکا خان ولد بہادر علی ساکن گاؤں قصبہ تحصیل حویلی ضلع پونچھ شامل ہیں تینوں افراد اس سے قبل پاکستان/پی او کے فرار ہو گئے تھے اور پونچھ اور جموں و کشمیر کے دیگر حصوں میںملی ٹینسی کو فروغ دینے، امن کو خراب کرنے اور سماجی ہم آہنگی کو خطرے میں ڈالنے میں سرگرم ہیں۔ یہ کارروائی سی آر پی سی کی دفعہ 82/83 کے تحت عدالت کے حکم کی تعمیل میں کی گئی، جو پولیس اسٹیشن پونچھ میں درج ایف آئی آر نمبر 202/2022 سے متعلق ہے۔ یہ قد م ملی ٹینسی اور سماجی ہم آہنگی میں خلل ڈالنے والی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے پونچھ پولیس کے پختہ عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ اٹیچ منٹ کی کارروائی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر پونچھ نیرج شرما، ایس ایچ او تھانہ پونچھ انسپکٹر رشید اور نائب تحصیلدار پونچھ کی قیادت میں ریونیو اہلکاروں کے ساتھ ایک پولیس ٹیم نے کی۔ قصبہ اور کیرنی گاؤں کے مقامی باشندوں نے اس کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین جے کے پی ایس نے کہا کہ پونچھ پولیس ملی ٹینسی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے۔