عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دیہی علاقوں میں ماہ صیام کے بابرکت ایام میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کے سبب عوام سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی بجلی کی غیراعلانیہ کٹوتی کی جارہی ہے جو عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے ۔انکاکہناتھا کہ جہاں دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی معمول بنا ہوا ہے وہیں سحری و افطار کے اوقات بھی بجلی غایب ہی رہتی ہے جسکے سبب عوام اس مقدس مہینے میں سخت مشکلات سے دوچارہیں۔علاقہ بونجواہ، درابشالہ سے متعدد لوگوں نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انھیں یہ امید تھی کہ ماہ رمضان میں بجلی کی سپلائی متاثر نہیں ہوگی لیکن حالات بالکل بھی نہ بدلے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہر ماہ اگرچہ محکمہ کو کروڑوں روپے کی آمدنی ہوتی ہے لیکن باوجود اسکے عوام کو بہتر بجلی فراہم نہیں ہوتی۔انہوںنے متنبہ کیا کہ اگر متعلقہ محکمہ نے غیراعلانیہ شیڈول ختم نہ کیا اور ان بابرکت ایام میں بجلی کی سپلائی کو یقینی نہ بنایاگیا تو لوگ سڑکوں پر آکراحتجاج کرینگے۔