عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔ایک پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز پر نیک خواہشات۔ دعاؤں، برکتوں اور مغفرتوں کا یہ مقدس مہینہ ہمیں پوری لگن اور لگن کے ساتھ پسماندہ افراد کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ترغیب دے۔ دعا ہے کہ یہ مقدس مہینہ باہمی خیرسگالی کو بھی مضبوط کرے اور ہم میں سے ہر ایک کو محبت اور ہمدردی کے راستے پر چلنے کی ترغیب دے‘‘۔ادھروزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز پر لوگوں کو مُبارک باد دی۔اَپنے تہنیتی پیغام میں اُنہوں اِس بابرکت مہینے میں اتحاد اور ہمدردی کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے شہریوںپر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور باہمی احترام اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا کریں۔انہوں نے کہا،’’ یکجہتی اور اتحاد کا جذبہ جموں و کشمیر میں ایک مضبوط اور مستحکم معاشرے کی تشکیل میں مدد کرے گا۔‘‘وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دعا کی کہ اللہ سبحان وتعالیٰ سب کی دعائیں قبول فرمائے اور اس مقدس مہینے میں روزے اور عبادات کو قبول کرے۔اُنہوں نے جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کے لئے امن ، خوشحالی اور بھلائی کی دعا بھی کی۔اُنہوں نے مزید کہا،’’اللہ کی رحمت سب پر ہو۔ رمضان مبارک!‘‘۔اس دوران وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے رمضان المبارک کے موقعہ پرلوگوںکو مُبارک باد دی۔نائب وزیراعلیٰ نے اَپنے مُبارک بادی کے پیغام میں اُمید ظاہر کی کہ یہ مقدس مہینہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے امن اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ مہینہ ہمیں اَپنی عبادات اور روزوں کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے قریب کرتا ہے۔ادھر کابینی وزراء جاوید رانا ،سکینہ ایتو اور ستیش شرما نے بھی رمضان المبارک کی آمد پرلوگوںکو مبارک باد پیش کی ہے۔