شاہنواز
ریاسی//ماہ رمضان کی آمد کے سلسلے میں انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی ندھی ملک نے ضلع میں رمضان کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے ایک اہم جائزہ میٹنگ طلب کی تھی جس کے بعد آج سب ڈویژن مہور کے مرکزی بازار میں ایک خصوصی چیکنگ مہم چلائی گئی۔یہ چیکنگ مہم محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری، محکمہ مال، اور پولیس کے مشترکہ تعاون سے انجام دی گئی، جس کی قیادت نائب تحصیلدار مہور منظور احمد کر کر رہے تھے۔نائب تحصیلدار منظور احمد کر نے بتایا کہ ایس ڈی ایم مہور مظاہر حسین شاہ کی ہدایت پر مہور مارکیٹ میں خصوصی چیکنگ کی گئی، جس دوران کئی دکانداروں کو نرخ نامے نہ رکھنے، ہوٹلوں میں صفائی ستھرائی کی کمی، اور دیگر خلاف ورزیوں پر قصوروار پایا گیا۔چیکنگ کے دوران کل 11,400 روپے کا جْرمانہ عائد کیا گیا۔ اس موقع پر ٹی ایس او مہور بھی موجود تھے۔نائب تحصیلدار نے واضح کیا کہ ماہ رمضان کے دوران تحصیل مہور کے دیگر تمام چھوٹے بڑے بازاروں میں چیکنگ کا عمل جاری رہے گا، تاکہ عام لوگوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کی جا سکے۔