عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال، ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر ایم جے وارثی اور چیف پروکٹر ڈاکٹر پرویز عالم نے کاونٹر انس جنسی فورس (سی آئی ایف) رومیو کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔دورے کا مقصد تعلیم، ہم نصابی سرگرمیوں اور ہنر مندی کے فروغ کیلئے باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا تھا۔یونیورسٹی کے عہدیداران نے سی آئی ایف رومیو کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میجر جنرل منیش گپتا سے ملاقات کی۔اس موقع پر پروفیسر جاوید اقبال نے بی جی ایس بی یو کی تعلیمی برتری اور ہنر مندی کی تربیت کے عزم پر روشنی ڈالتے ہوئے خطے کی ترقی میں یونیورسٹی کے کردار کو اجاگر کیا۔دونوں فریقین نے تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینے کے لئے مختلف اقدامات پر اشتراک کے عزم کا اظہار کیا۔جی او سی رومیو فورس میجر جنرل منیش گپتا نے بی جی ایس بی یو کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور طلبہ و اساتذہ کے لئے تحقیق، قیادت کے پروگراموں اور کمیونٹی سروس میں مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔پروفیسر ایم جے وارثی نے جی او سی رومیو فورس کو یونیورسٹی کے آئندہ تعلیمی سیشن میں انجینئرنگ، لسانیات، سائنس اور سوشل سائنسز میں نئے کورسز متعارف کرانے کے منصوبوں سے آگاہ کیا، جو قومی تعلیمی پالیسی (NEP) کے نفاذ کے تحت ہوں گے۔