عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں تین روز تک ہوئی برفباری و بارشوں کے بعد ضلع بھرمیں زندگی پٹری پر لوٹ آئی تاہم50000آبادی والے مڑواہ واڑون و دچھن علاقے ہنوز منقطع ہیں جہاں لوگوں نے ماہ صیام کے بابرکت ایام کیلئے جم کر خریداری کی ۔جہاں بیشتر اندرونی و بیرونی سڑک رابطوں کو آج انتظامیہ نے بحال کردیاوہیں اندھیرے میں ڈوبے ہوے متعد علاقوں میں بھی بجلی سپلائی بحال کردی گئی تاہم قصبہ کشتواڑ و اسکے ملحقہ علاقہ جات کی 70000آبادی دوسرے روز بھی پینے کے پانی سے محروم ہے۔ جمعہ کی صبح پایپ لاین پسی کی زد میں آنے کے بعد پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی تھی جس پر بحالی کا کام جاری ہے۔ادھرسب ڈویژن مڑواہ کی پچاس ہزار آبادی کو جوڑنے والا واحد سڑک رابطہ مسلسل بند ہے جسکے سبب علاقے کی عوام کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔سنیچر کو ہوائی سروس چلائی گئی جس دوران سینکڑوں افراد کو اپنی منزل تک پہنچایاگیاتاہم اندرونی سڑک رابطوں کو ہنوز بحال نہ کیا جاسکا۔واڑون میں تین سے پانچ فٹ تک برفباری درج کی گئی جبکہ مڑواہ میں دو سے تین فٹ تک برفباری ہوئی جسکے سبب اندرونی سڑک رابطوں پر چلنا انتہائی دشوار ہوگیا ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے فوری طور برف ہٹانے کا عمل شروع کرنے کو کہا ہے اور واحد مر گن سڑک کو جلد ازجلد قابل آمدورفت بنانے کی اپیل کی ہے تاکہ لوگوں کو ماہ صیام میں مزید مشکلات نہ ہوں۔اس دوران دچھن میں بجلی سپلائی بحال نہ ہوسکی جبکہ کشتوار ہیڈکوارٹر سے جوڑنے والی سڑک بھی بحال ہونا باقی ہے۔
تین روز کی برفباری و بارشوں کے بعد خطہ چناب میں زندگی پٹری پر لوٹ آئی مڑواہ ،واڑون و دچھن ہنوز منقطع،کشتواڑ قصبہ پانی سے محروم
