محمد تسکین
بانہال // گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں اور جمعہ کی علی الصبح سے بانہال اور رامسو کے درمیان ہوئی برفباری کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت جمعرات شام سے ہی بند ہے جبکہ رام بن کے میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئی ہیں اور شاہراہ پر پسیوں اور پتھروں کے گرنے کے علاوہ کیفٹریا موڑ اور مہاڑ کے درمیان سڑک کا بڑا حصہ دریائے چناب کی طرف نکل گیا اور بڑی دراڑیں پڑگئی ہیں ۔ بانہال اور جواہر ٹنل کے آر پار چھ انچ تک برفباری ہوئی ہے جبکہ شیر بی بی اور بانہال کے درمیان تین سے پانچ انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ جموں سرینگر قومی پر بانہال ٹنل سے رامسو تک اور بیکن کے زیر انتظام جواہر ٹنل کے آر پار اگرچہ سڑک سے برف کو متعلقہ ایجنسیوں نے صاف کیاہے تاہم پسیوں اور پتھروں کے علاوہ مہاڑ میں سڑک کا کچھ حصہ نکل گیاہے اور وہاں بحالی کا کام جاری ہے اور کل صبح تک کا وقت لے سکتا ہے ۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے روہت بسکوترا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ناشری اور بانہال کے درمیان شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہے اور ٹریفک کی بحالی کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس ، پیڑاہ ، کنفر ، جیسوال پل کرول ، ماروگ ٹنل نمبر دو ، کشتواڑی پتھر شیر بی بی ، پنتھیال ٹنل کے دونوں طرف پر شاہراہ پر گر آئے ملبے ، پتھر اور پسیوں پر مشتمل رکاوٹوں کو صاف کرنے کا کام جاری ہے اور ابھی بھی متعدد مقامات پر پتھر گر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہاڑ کے مقام اوپر پہاڑی سے گر رہے کیچڑ ، ملبے اور سڑک کا کچھ حصہ نکل جانے سے سڑک تنگ ہوگئی ہے اور یہاں بحالی کےپیچیدہ اور تشویش والے کام میں وقت لگ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ را م بن ، نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا اور پولیس اور ٹریفک حکام متحرک ہیں اور مہاڑ کے مقام سڑک کے متاثرہ حصے پر ٹریفک کی بحالی ممکن بنانے کیلئے طریقے کار کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رام بن ضلع میں ٹرک اور کچھ ٹریفک رکا ہوا ہے اور پوری انتظامیہ کی کوشش ہے کہ شاہراہ پر ٹریفک کو جلد از جلد بحال کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آج یعنی ہفتے کے روز ٹریفک کی نقل و حرکت کے بارے میں ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر کی طرف سے شاہراہ کے حوالے سے لوگوں کو میڈیا ، آل انڈیا ریڈیو اور سوشل میڈیا میڈیا کے ذریعے ایڈوائزری اورآپ ڈیٹ فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے لوگوں عام لوگوں ، گاڑی والوں اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری ایڈوائزری کے مطابق ہی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سفر کریں۔ اس دوران بانہال اور بارہمولہ کے درمیان ریل سروس بلا کسی خلل کے جاری رہی تاہم قریب ساڑھے گیارہ کلومیٹر طویل پیر پنجال ریلوے ٹنل کے آرپار برفباری کے پیش نظر ریلوں کی رفتار پر بندش کی شرط مشروط تھی ۔