حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں جموں پونچھ شاہراہ پر گائوں میدانہ کے عوام نے بھاری بارش کی وجہ سے سرنکوٹ تا کلائی شاہراہ پر پسیاں گرنے کی وجہ سے سڑک رابطہ بند ہونے سے درماندہ ہونے والے مسافروں کے لئے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیئے۔ جاوید علیب قلی نامی ایک مسافر نے بتایا سینکڑوں درماندہ مسافروں کے لئے اپنے گھروں کے دروازے کھول کر میدانہ اور اس کے اردگر کے مکینوں نے اپنے گھروں میں مفت رہائش اور کھانا پینا فراہم کر کے انسانیت کا بہت بڑا مظاہرہ کیا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے جاوید علی نے کہا برف باری کی وجہ سے سرنکوٹ پونچھ شاہراہ پر پسیاں گرنے سے زمینی رابطے منقطع ہو گئے اور سینکڑوں مسافر درماندہ ہو گئے جن کے لئے میدانہ کے لوگوں نے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیئے اور ان کی رہائش کے ساتھ ساتھ لنگر لگا کر ان کے لئے کھانے پینے کا انتظام کیا۔انہوں نے کہا کہ اسطرح انسانیت کا مظہرہ کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ درماندہ ہونے والے لوگوں میں بچے، خواتین، بزرگ اور کئی مریض بھی تھے جن کیلئے مقامی لوگوں نے رہائش اور کھانے پینے کا انتظام کر کے بہت بڑا کارنامہ انجام دیا۔انجمن جعفریہ پونچھ کے صدر مقصود احمد قلی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں سرنکوٹ پونچھ قومی شاہراہ پسیاں گرنے کے نتیجے میں منقطع ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا اس دوران درماندہ لوگوں کے لئے میدانہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کے شہریوں نے جو اقدام اٹھائے اس کے لئے وہ مبارکبادی کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا سینکڑوں مسافروں کی رہائش اور ان کے کھانے پینے کا انتظام کر کے مقامی شہریوں نے انسانیت کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے لئے ہم میدانہ کے لوگوں کے شکر گزار ہیں اور ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔