محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈیژن کوٹرنکہ بدھل کی سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ تین روز سے ہو رہی بارشوں کی وجہ سے جہاں ایک طرف کسانوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، وہیں دوسری طرف زندگی کی رفتار میں خلل پیدا ہوا۔سموٹ سے ترگائیںکو جانے والی سڑک پر چٹانیں اور پسیاں آنے کی وجہ سے سڑک پر سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہم نے متعدد بار محکمہ تعمیرات کے ملازمین کو آگاہ کیا، لیکن ابھی تک سڑک سے پسیاں نہیں ہٹائی گئیں، اور دوران سفر لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژن کوٹرنکہ میں قائم محکمہ تعمیرات عامہ کے ملازمین کو جوابدہ بنایا جائے اور جلد سڑک کو آمد و رفت کے قابل بنایا جائے۔