حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے گاؤں مرہوٹ میں مقام شہریوں کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں پر انہوں نے سرکاری رقومات میں خرد برد کا الزام لگاتے ہوئے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے جاوید اقبال کوہلی، ریاض احمد،نزیر حسین،خادم حسین شاہ، ریاض کوہلی،زائد حسین اور دیگران نے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ لوگوں نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ علاقہ میں بے ضابطگی میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر کوئی اقدام نہ کیا تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے اور ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دیں گے۔ مقامی افراد کے مطابق، عوامی فنڈز میں ہونے والے اس بڑے گھپلے نے کئی ترقیاتی منصوبوں کو متاثر کیا ہے، جس سے غریب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔لوگوں نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اس طرح کے مالی گھپلے سامنے آئے ہیں، لیکن بدقسمتی سے انتظامیہ کی لاپرواہی اور بدعنوانی کے باعث زیادہ تر معاملات دب جاتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس بار بھی مجرموں کو بچانے کی کوشش کی گئی تو عوام سڑکوں پر نکل کر سخت احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا وہ اس حوالے سے کئی بار اعلی حکام کو متوجہ کر چکے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔انہوں نے کہا جب تک مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا، ان کا احتجاج جاری رہے گا۔