محمد تسکین
بانہال // ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے بانہال میں افسروں کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور شدید برف باری اور بارشوں کے پیدا ہوئی صورتحال کے پیش نظر عوام کی راحت رسانی کے معاملات اس اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں زیر غور رہے ۔ حاجی سجاد شاہین نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بھاری برفباری کی وجہ سے متاثر ہوئی بجلی، پانی کی سپلائی اور سڑکوں کی بحالی میں تیزی لائیں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران بلاتعطل ضروری خدمات جیسے کہ راشن کی فراہمی، طبی نگہداشت اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس برکتوں والے مہینے میں عبادت و ریاضت میں محو لوگوں کو ہر طرح کی سہولیات کو بہم پہنچانا ان کا اور ان کی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہنگامی سرح الحرکت ٹیموں کو تیار بہ تیار رہنے ، اشیائے ضروریہ کے مناسب سٹاک کو یقینی بنانے اور ضرورت پڑنے پر اضافی افرادی قوت کو تعینات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو فراہم رکھنے اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں بروقت برف صاف کرنے کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت دی ۔ سجاد شاہین نے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ تمام ضروری انتظامات اور سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے تمام معاملات اور صورتحال کی از خود نگرانی کرینگے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ضروری خدمات سے متعلق کسی بھی مشکلات کی صورت میں اپنی شکایات کو ان کی نوٹس میں لائیں تاکہ اس سمت میں فوری کارروائی کی جاسکے۔