کشتواڑدوسرے روز بھی برفباری و بارشوں سے عام زندگی بری طرح مفلوج
متعدد علاقوں میں بجلی گُل، سڑکیں چٹانوں کی زد میں،مرگن و سنتھن سڑکیں مسلسل بند
عاصف بٹ
کشتواڑ // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق دوسرے روز بھی ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جسکے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی اور عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔جمعرات کی رات بھر پہاڑی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ دیرشام تک جاری رہا۔ضلع کے دورافتادہ علاقہ مڑواہ، واڑون، دچھن، چھاترو، مچیل، پاڈر، بونجواہ ،سنتھن ،کیشوان میں بھاری برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔واڑون سے ملی تفصیلات کے مطابق علاقے میں تین سے پانچ انچ تک برفباری ہوئی جبکہ مڑواہ میں بھی تین انچ، دچھن میں دو انچ،مچیل میں تین انچ جبکہ پاڈر کے دیگر علاقہ جات میں بھی دو انچ تک برفباری درج کی گئی۔سب ڈویژن چھاترو کے اوپری علاقوں میں آٹھ انچ تک برفباری درج کی گئی۔ جہاں وٹسر، ڈانگر نالہ ،سنگھپورہ ،کوچھال ،کواٹھ میں قریب پانچ انچ برفباری ہوئی وہیں چنگام،چھاترو، مغلمیدان ،سگدی ،بھاٹہ میں بھی تین انچ تک برفباری کی اطلاع ملی۔ ضلع کے بونجواہ، درابشالہ ،کنتواڑہ و سرتھل علاقوں میں بھی تین سے پانچ انچ تک تازہ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ کشمیر عظمیٰ کو لوگوں نے بتایا کہ بیشتر علاقے گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔ادھر سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ مسلسل آمدورفت کیلئے بند ہے ۔تفصیلات کے مطابق سنتھن ٹاپ پر قریب ڈیڑھ فٹ سے زائد تازہ برفباری ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جبکہ سنتھن میدان میں لگ بھگ ا یک فٹ تک برفباری ہوئی وہیں مرگن ٹاپ پر بھی ایک فٹ تک برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ضلع کے میدانی علاقوں میں ہوئی بارشوں کے سبب عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ۔دن بھر ہورہی بارشوں کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کشتواڑ قصبہ کے متعدد گلی کوچے و سڑکیں زیر آب ہیں جس سے پیدل سفر کرنا تو دور گاڑیوں کا سفر بھی انتہائی دشوار ہوگیاہے۔ ادھر بالائی علاقوں میں برفبانی تودے گرآنے کی وارنگ جاری کردی گئی ہے اورلوگوں سے احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔ پولیس نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی ہیلپ لاین نمبرات جاری کئے ہیں اور لوگوں کو ان پر فوری طور رابطہ کرنے کو کہا گیا ہے۔ ضلع بھر میں برفباری کا سلسلہ آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔
کشتواڑ بٹوت شاہراہ پرپھاگومڑ کے مقام پر پسی گرآئی
چار گھنٹوں تک بند رہنے کے بعدشاہراہ آمدورفت کیلئے بحال
عاصف بٹ
کشتواڑ// جمعرات کی صبح بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ چار گھنٹوں تک پھاگومڑ کے مقام پر بھاری پسی کی زدمیں آنے کے بعد آمدورفت کیلئےبند ہوگئی جسے کڑی مشقت کے بعد آمدورفت کو بحال کردیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح ہی پھاگومڑ کے مقام پر پہاڑی سے بھاری چٹانیں گرآئیں جسکے سبب سڑک آمدورفت کیلئے بند ہوگئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ متعدد گھنٹوں تک جب مشینری سڑک کو صاف کرنے کیلئے نہ پہنچی تو درماندہ مسافروں نے ازخود پتھرہٹانے کا کام شروع کیا جسکے بعد انتظامیہ نے مشینری کو تعینات کیا جس نے کڑی مشقت کے بعد سڑک کو آمدورفت کے قابل بنایا اور درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔اس دوران کشتواڑ دچھن سڑک پر بھی ڈنگڈورو سے کئی کلومیٹر آگے بھاری پتھر گرآنے کے سبب سڑک آمدورفت کیلئے بند ہوگئی ۔ حکام نے بحالی کا کام شروع کردیااور کڑی مشقت کے بعد دیرگئے سڑک کو آمدورفت کیلئے کھول دیاگیا۔
برفانی تودے گرآئے
عاصف بٹ
کشتواڑ//دچھن علاقے میں دیرشام پنجراڑی کے مقام پر برفانی تودا گرآیا جسکے سبب کشتواڑ کو دچھن علاقے سے جوڑنے والی سڑک آمدورفت کیلئے بند ہوگئی۔ اس نالے میں ہرسال برفانی تودے گرآتے ہیں۔ وہی اندروال علاقے میں بھی برفانی تودا گرآیا۔تفصیلات کے مطابق بیگ پورہ پنچایت اندروال بی میں برفانی تودا گرآیاتاہم خو ش قسمتی رہی کہ اس سےکوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔