عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں وکشمیر میں برف باری اور بارشوں کے بیچ سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے مختلف حادثات میں 2 افراد ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ پونچھ میں ایک زائلو گاڑی دریا میں جاگری جس میں سوار پانچ افراد کا ریسکیو کیا گیا تاہم تین کی تلاش ہنوز جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق پونچھ کے کلائی علاقے میں جمعرات شام دیر گئے ایک زائلو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں آٹھ افراد گاڑی میں پھنس کررہ گئے۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے جس دوران پانچ افراد کو ہسپتال لے جایا گیا تاہم تین ابھی بھی لاپتہ ہیں جن کی بڑے پیمانے پر تلاشی جاری ہے۔
ادھر جموں پونچھ شاہراہ پر تیز بارشوں کے بیچ بھاری برکم پتھر سکارپیو گاڑی پر گر آیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔
پونچھ کے بفلیاز میں ٹپر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
متوفی کی شناخت سرور خان ولد فیض اکبر ساکن بفلیاز سرنکوٹ کے بطور ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں ریاسی کے تلی علاقے میں ایک کمسن لڑکا نالہ میں غرقآب ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع ریاسی کے تلی علاقے میں تیرہ سالہ پویتر سنگھ ولد سورج سنگھ نالہ کو عبور کرنے کے دوران پیر پھسل جانے کی وجہ سے پانی میں ڈوب گیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران کمسن لڑکے کی لاش باز یاب کی گئی۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی۔