یواین آئی
نئی دہلی// لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ طلباء کو چاہئے کہ وہ روزگار کے مواقع پیدا کرکے اور تحقیق اور اختراع میں آگے بڑھ کر خود کفیل ہندوستان کے قیام کا عہد کریں۔ برلا نے بھارتی ودیا پیٹھ کے 26ویں کانووکیشن میں مہمان خصوصی کے طور پر طلبا اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی نوجوان تحقیق اور اختراع میں دنیا کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کی کامیابی غریبوں، محروموں اور معاشرے کے آخری فرد کی زندگی کو بہتر بنانے میں مضمر ہے۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ نئے ہندوستان میں مختلف شعبوں میں بے پناہ مواقع کے ساتھ بے پناہ صلاحیتیں ہیں، مسٹر برلا نے طلباء پر زور دیا کہ وہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے وڑن کو حاصل کرنے کے لیے سرگرم رول ادا کریں۔اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر نے بھارتی ودیا پیٹھ کے کامیاب طلبہ کو اسناد اور انعامات پیش کیے۔