یواین آئی
نئی دہلی// عام آدمی پارٹی ( آپ ) کے اراکین اسمبلی نے آج اسمبلی کے احاطے میں داخل ہونے سے روکے جانے کے خلاف احاطے کے باہر احتجاج کیا۔اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی نے کہا ‘اقتدار میں آنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے لوگ آمریت کی حدیں پار کر چکے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے اراکین اسمبلی کو ‘جئے بھیم’ کے نعرے لگانے پر ایوان سے تین دن کے لیے معطل کر دیا گیا تھا اور آج آپ کے اراکین اسمبلی کو اسمبلی احاطے میں داخل ہونے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی اسمبلی کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ منتخب ایم ایل ایز کو اسمبلی احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی گئی ہو۔محترمہ آتشی اپنی پارٹی کے اراکین اسمبلی کے ساتھ دھرنے پر بیٹھ گئیں اور بیریکیڈنگ کے قریب مظاہرہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اسمبلی اسپیکر کے حکم پر پولیس پارٹی کے اراکین اسمبلی کو اسمبلی احاطے میں داخل نہیں ہونے دے رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ منگل کو لیفٹیننٹ گورنر کے خطبے کے دوران ہنگامہ آرائی کی وجہ سے آپ کے اراکین اسمبلی کو تین ورکنگ ڈیز کے لیے ایوان کی کارروائی سے باہر کر دیا گیا تھا۔