عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ایس ایس پی بارہمولہ گریندر پال سنگھ کا کہنا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کو مجرموں کے بجائے متاثرین کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا تاہم میں اس بات سے اختلاف کرتا ہوں کہ خود کشی اور منشیات کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔
موصوف ایس ایس پی نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو سوک ایکشن پروگرام کے تحت رینج پولیس ہیڈ کوارٹر کے زیر اہتمام سکائنگ مقابلے کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا جموں و کشمیر پولیس نشے سے نجات کے مراکز اور مختلف سپورٹ پروگراموں کے ذریعے نشے سے لڑنے والوں کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے تاکید کی کہ وہ پولیس سے مدد طلب کریں اور اپنی زندگیوں کی تعمیر نو کے لیے دستیاب وسائل کا استعمال کریں۔ایک سوال کے جواب میں گریندر پال سنگھ نے کہامیں اس بات سے اختلاف کرتا ہوں کہ خودکشی اور منشیات کی شرح بڑھ رہی ہے بلکہ سال گذشتہ کے مقابلے میں ان کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاجو منشیات کے عادی افراد ہیں وہ مجرم نہیں ہیں بلکہ ان کو متاثرین کے طور پر دیکھا جانا چاہئے بلکہ جو منشیات سپلائی کرتے ہیں وہ مجرم ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے جو حل نہیں ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے ڈی ایڈکشن سینٹر کھولے ہیں اور یونین ٹریٹری انتظامیہ بھی ہر ضلعے میں ایسے سینٹر کھول رہی ہے۔