سمت بھارگو
راجوری//سندر بنی سب ڈویژن کے گاؤں میں بدھ کے روز فائرنگ کے واقعے کے بعد ایک بڑے سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک فوجی گاڑی سندر بنی-ملا روڈ پر پھل گاؤں کے قریب گزر رہی تھی اور شبہ تھا کہ نامعلوم افراد نے قریبی جنگل سے گاڑی پر فائرنگ کی تاہم ابھی تک نہ فوج اور نہ ہی پولیس نے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔حکام کے مطابق ’فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘‘۔اس واقعے کے بعد پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے فوری طور پر ایک بڑے آپریشن کا آغاز کیا اور علاقے کو گھیر کر سینئر افسران آپریشن کی قیادت کرنے کے لئے موقع پر پہنچے۔یاد رہے کہ جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، وہ ایک ایسی سڑک پر واقع ہے جو لائن آف کنٹرول سے جڑتی ہے،تاہم انہوں نے کہا کہ گاؤں خود لائن آف کنٹرول سے دور واقع ہے، جو کہ اندرونی علاقے میں ہے۔حکام نے کہا کہ ’’فی الحال تلاشی آپریشن جاری ہے اورسیکورٹی فورسز علاقے کو چھان رہی ہیں تاکہ کسی مشتبہ شخص کو ٹریک کیا جا سکے جو جنگل میں چھپے ہوئے ہوں۔اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ فوجی ٹرک جو اس علاقے سے گزر رہا تھا جب یہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، وہ سڑک کے کنارے درخت سے ٹکرا گیا تھا اور بعد میں کرینز کے ذریعے گاڑی کو موقع سے ہٹا لیا گیا۔سیکورٹی فورسز علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ یہ یقین دہانی ہو سکے کہ کوئی مشتبہ شخص ابھی تک علاقے میں چھپا نہ ہو۔۔ادھرمعلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے کئی علاقوں کومحاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ راجوری ، پونچھ، ریاسی ، کٹھوعہ ، ڈوڈہ، ادھم پور اضلاع کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سرحد پر بھی فوج کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس نے کئی مقامات پر ناکہ پوائنٹس قائم کئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع میں ایل او سی کے نزدیک کئی جنگلی علاقوں میں فوج نے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا ہے ۔
پٹھانکوٹ سیکٹرمیں دراندازی کی کوشش | درانداز ہلاک، شناخت اور محرکات کی تحقیقات جاری
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) نے کہا کہ فورس نے پنجاب میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بدھ کی صبح ایک دراندازی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔بی ایس ایف کے ترجمان نے کہاکہ 26فروری کی صبح سویرے بی ایس ایف کے دستوں نے تاش پتن سرحدی چوکی کے قریب سرحد کے پار ایک مشکوک نقل و حرکت دیکھی ۔بی ایس ایف اہلکاروںنے ایک درانداز کو سرحد پار کرتے ہوئے دیکھا اور جوانوں نے اسے للکارا لیکن اس نے کوئی توجہ نہیں دی اور آگے بڑھتا رہا۔ بیان میں مزید کہاگیا کہ اس کی شناخت اور محرکات کا پتہ لگایا جا رہا ہے اور پاکستان رینجرز کے پاس سخت احتجاج درج کروایا جائے گا۔
جموں اورکشتواڑمیں سڑک حادثات | میڈیکل طالب علم اور ڈرائیورکی موت واقع
عاصف بٹ
جموں//جموں ضلع کے جگتی علاقے میں ایک سڑک حادثے میں ایک ایم بی بی ایس طالب علم کی جان چلی گئی جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ منگل کی شام جگتی جموں میں موٹر سائیکل اور ٹرک کے درمیان ٹکر ہونے کے نتیجے میںموٹر سائیکل سواردوسگے بھائی زخمی ہوگئے ، جن میںسے ایک اپنی جان گنوابیٹھا۔ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایم بی بی ایس طالب علم کی شناخت منیشور سنگھ ولد ہربندر سنگھ ساکنہ دیسہ، ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک طالب علم کا بھائی بھی اس حادثے میں زخمی ہوا ہے اور اسے علاج کے لیے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔ادھر کشتواڑ کے بنجوار علاقے میں ایک سڑک حادثے میں ایک ٹپر ڈرائیور کی موت ہو گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈرائیورمبینہ طور پر کنٹرول کھو بیٹھا اور بنجر علاقے میں ٹپرکیساتھ سڑک سے نیچے گر گیا،اور اپنی جان کھوبیٹھا۔متوفی کی شناخت محمد سلیم ولد غلام قادر ساکنہ بٹوت رام بن کے طور پر ہوئی ہے۔اس کی لاش کو ضلع اسپتال کشتواڑ منتقل کر دیا گیا ، جہاں ضروری طبی قانونی کارروائیوں کے بعد میت کولواحقین کے حوالے کیاگیا۔پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔