عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیاتی و ماحولیات اور قبائلی امور، جاوید احمد رانا نے پیر پنجال خطے میں جل شکتی اور جنگلات کے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور جل جیون مشن کی بروقت تکمیل کے لئے مؤثر خدمات کی فراہمی پر زور دیا۔جاوید رانا نے پیر پنجال خطے کا دورہ کیا تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں بشمول جے جے ایم کی پیشرفت کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا اور ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے سخت ٹائم لائنز طے کیں تاکہ تمام افراد کے لئے پینے کے پانی کی محفوظ فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے افسران کو جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت دی اور پیشرفت کی باقاعدگی سے نگرانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر موصوف نے دور دراز علاقوں میں پانی کی مسلسل فراہمی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور عوامی شکایات کے موثر حل کے لیے مضبوط شکایات نمٹانے کے نظام کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔جب جنگلات کے محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تو جاوید رانا نے کہا کہ ایسے مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے جو ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اقتصادی خوشحالی کو بھی فروغ دے سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگلات کے محکمے کے افسران کمیونٹی کے ساتھ مل کر جنگلات اور ماحول کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کو حل کرنے کے لئے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے اور جنگل کی آگ کے انتظام اور اس کے روک تھام کے اقدامات پر بھی زور دیا۔ موسمی حالات کی وجہ سے جنگل کی آگ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے پہلے سے تدابیر اختیار کی جانی چاہئیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کریں تاکہ اکو ٹورزم اور جنگلات کی تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے آمدنی حاصل کی جا سکے اور پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔اپنے دورے کے دوران وزیر نے راجوری کے کوٹلی کالا بن ،مینڈھرکے ہرنی کا دورہ کیا اور وہاں کے مقامی لوگوںسے ملاقات کی۔