یو این آئی
نوی ممبئی/ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر 34 کی طوفانی اننگز کی بدولت انڈیا ماسٹرز نے منگل کی رات انٹرنیشنل ماسٹرز لیگ ٹی 20 2025 میں انگلینڈ ماسٹرز کو نو وکٹوں سے شکست دے کر شاندار جیت درج کی۔ ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں سچن نے صرف 21 گیندوں میں 34 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر برسوں پرانی بلے بازی کی یادوں کو تازہ کیا۔ گرکیرت سنگھ مان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ، تیندولکر نے آٹھویں اوور میں کرس شوفیلڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہونے سے پہلے پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ان کی اننگز کی خاص بات پانچویں اوور میں سامنے آئی، جب انھوں نے انگلینڈ کے تیز گیند باز ٹم بریسنن کو نشانہ پر لیا ۔ تیندولکر نے دوسری گیند کو بیکورڈ اسکوائر لیگ پر چھکا لگا کر سوئپ کیا اور اس کے بعد ڈیپ مڈ وکٹ اور ڈیپ ایکسٹرا کور پر لگاتار چوکے لگائے ۔اس سے قبل انڈیا ماسٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور انگلینڈ ماسٹرز کو مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹ پر 132 رنز تک محدود کر دیا۔ مہمانوں کی جانب سے ڈیرن میڈی نے سب سے زیادہ 25 رنز بنائے جبکہ دھول کلکرنی چار اوورز میں 21 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرکے بہترین گیندباز رہے ۔جواب میں انڈیا ماسٹرز نے مقررہ ہدف 11.4 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ گرکیرت اننگز کے اسٹار رہے ، انہوں نے 35 گیندوں پر ناٹ آوٹ 63 رنز بنائے جبکہ یوراج سنگھ نے 14 گیندوں پر ناٹ آوٹ 27 رنز بنائے ۔انڈیا ماسٹرز کا اگلا مقابلہ یکم مارچ کو وڈودرا کے بی سی اے اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ ماسٹرز سے ہوگا، جبکہ ایون مورگن کی قیادت والی انگلینڈ ماسٹرز کا مقابلہ اسی مقام پر 27 فروری کو ویسٹ انڈیز ماسٹرز سے ہوگا۔