عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق کا کہنا ہے کہ گذشتہ10سال خصوصاً 2019 کے بعد حکومت اور عوام کے درمیان جو رابطہ منقطع ہوگیا تھا ، عمر عبداللہ کی سربراہی والی حکومت وہ رابطہ پھر ایک بار بحال کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے وزراءاور اراکین اسمبلی نے خودکو لوگوں کیلئے وقف رکھا ہے اور ہر وقت لوگوں مسائل و مشکلات سُننے اور ان کا سدباب کرانے کیلئے دستیاب ہوتے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران لوگوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
تنویر صادق نے کہا کہ عوام کا حکومت کے تئیں جو اعتماد اور بھروسہ ختم ہوگیا تھا عمر عبداللہ کی سرکار وہ رابطہ بحال کرنے میں کافی حد تک کامیاب ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ گذشتہ10سال کے دوران جموں وکشمیر میں صرف اور صرف عوام مخالفت اور عوام کُش فیصلے لئے گئے۔ انشاءاللہ نیشنل کانفرنس حکومت کا ہر ایک فیصلہ عوام دوست اور عوامی مفاد میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب عوامی سرکار کا پہلا بجٹ آئندہ ماہ پیش ہونے جارہا ہے ۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بجٹ تیار کرنے سے پہلے تمام متعلقین کیساتھ وسیع پیمانے پر مشاورت کی اور ہم پراعتماد ہیں کہ بجٹ عوامی راحت رسانی اور تعمیرو ترقی کیلئے مضبوط بنیاد رکھے گا۔ ہماری حکومت عوام سے اور عوام کیلئے ہے اور عوام کو راحت پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
نیشنل کانفرنس حکومت کا ہر ایک فیصلہ عوام دوست اور عوامی مفاد میں ہوگا: تنویر صادق
