عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//نائب وزیراعلیٰ سریندر چوہدری نے سندر بنی میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کا مقصد عوامی شکایات اور مختلف محکموں سے متعلق مسائل کا حل تھا۔نائب وزیراعلیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، تاکہ مقامی لوگوں کی پریشانیوں کا فوری اور مؤثر حل ممکن ہو سکے۔اجلاس کے دوران، نائب وزیراعلیٰ نے مختلف محکموں کی سکیموں کی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے حکومت کی مختلف سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انھوں نے ضلعی سوشل ویلفیئر افسر اور اسسٹنٹ لیبر کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں خاص طور پر نوشہرہ اور سندر بنی میں خصوصی کیمپوں کا انعقاد کریں تاکہ عوام کو ان کی سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ان کا فائدہ پہنچ سکے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ بابو رام ٹنڈن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سندر بنی راجیو موگوترا، ایس ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)اے سی ڈی وجے کمار، ڈی ایس ڈبلیو او عبد الرحیم، ڈی ایم او محمد سعید، اے ایل سی پریوت گپتا اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔