رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے گاؤں نونیال میں 648ویں پرکاش پروہ کی تقریب کے موقع پر ایک شاندار سنت سماگم کا اہتمام کیا گیا جس میں شری گرو روی داس جی مہاراج کی تعلیمات کو یاد کیا گیا۔اس تقریب میں معروف سنت، سوامی گرو دیپ گیری جی مہاراج جو کہ پٹھانکوٹ سے آئے تھے۔اس پروگرام میں جموں و کشمیر کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری، سابق ریاستی بی جے پی صدر رویندر رینہ اور کالاکوٹ سندربنی کے ایم ایل اے ٹھاکر رندھیر سنگھ نے شرکت کی اور سوامی گرو دیپ گیری جی مہاراج کی دعائیں حاصل کیں۔نوشہرہ اور اطراف کے علاقے سے ہزاروں عقیدت مند اس تقریب میں شریک ہوئے اور سوامی گرو دیپ گیری جی مہاراج کی تعلیمات سنی اور ان کی نیک خواہشات سے فیضیاب ہوئے۔ڈپٹی وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری نے سوامی گرو دیپ گیری جی مہاراج سے دعائیں حاصل کرنے کے موقع پر اظہار تشکر کیا۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری اور بی جے پی کے رویندر رینہ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو مذہب کی تعلیمات اور انسانیت کے اقدار کی پیروی کرنی چاہیے اور مزید کہا کہ تمام مذاہب کی مذہبی تقریبات کو ہمیشہ فروغ دینا چاہیے تاکہ انسانیت اور اخلاقی اقدار کی تعلیمات کو پھیلایا جا سکے، جو کہ بے حیائی کے خلاف لڑنے کے لئے ضروری ہیں۔