عظمیٰ نیوز سروس
ریاض// سعودی عرب میں شدید سردی کی نئی لہر داخل ہو گئی، جس کے باعث شمالی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات نے اس سردی کی لہر کو “برد العجوز” (بوڑھی عورت کی سردی) قرار دیا ہے، جو عام طور پر بہار سے قبل آتی ہے۔سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق، بدھ تک شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں شدید سردی کی لہر چلے گی، جس کے اثرات وسطی علاقوں میں بھی محسوس کیے جائیں گے۔صبح کے وقت درجہ حرارت صفر ڈگری سے نیچے جا سکتا ہے، جبکہ وسطی علاقوں میں 0 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے کہر اور پانی کے جمنے جیسے اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔مکہ، مدینہ، تبْوک، اور مشرقی صوبے سمیت ریاض اور نجران میں تیز ہوائیں اور گرد و غبار کے طوفان کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ماہر موسمیات ڈاکٹر عبداللہ المسند کے مطابق، سردی کی یہ شدید لہر جمعہ سے شمالی سعودی عرب میں داخل ہوئی اور اتوار تک ریاض، مشرقی صوبے اور نجران میں اس کے اثرات شدت اختیار کر جائیں گے۔ماہرین کے مطابق، شمالی علاقوں میں برفباری کے امکانات بھی موجود ہیں، خاص طور پر پیر اور منگل کی رات 800 میٹر سے بلند علاقوں میں برف گر سکتی ہے۔رمضان کے قریب آتے ہی درجہ حرارت آہستہ آہستہ بڑھنے لگے گا، لیکن شمالی علاقوں میں پانچ دن تک درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہ سکتا ہے۔
رمضان کے اوقاتِ کار اور عید الفطرکی تعطیلات کا اعلان
عظمیٰ نیوز سروس
ریاض//سعودی عرب میں سعودی سینٹرل بینک نے بینکنگ سیکٹر میں رمضان المبارک کے ایام میں اوقاتِ کار اور عید الفطرکی تعطیلات کا اعلان کیا ہے ۔رمضان المبارک میں مملکت کے تمام بینکوں میں کام کا آغاز صبح دس بجے جبکہ اختتام سہ پہر 4 بجے ہوگا۔سینٹرل بینک کی جانب سے عیدالفطر کی تعطیلات کے حوالے سے کہا گیا کہ ‘یکم شوال بروز اتوار 30 مارچ سے عیدالفطر کی تعطیلات کا آغاز ہو گا اور چار شوال بمطابق بدھ 2 اپریل تک جاری رہیں گی۔’رپورٹس کے مطابق عیدالاضحی کی تعطیلات کا آغاز جمعرات 9 ذوالحجہ 1446 بمطابق 5 جون 2025 سے ہوگا اور 10 جون 2025 تک جاری رہیں گی۔سینٹرل بینک کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ سرحدی علاقوں میں عازمین حج اورعمرہ زائرین کی سہولت کے لیے مخصوص برانچیں دوران تعطیلات حسب معمول کام کرتی رہیں گی تاکہ عازمین وعمرہ زائرین کو مشکلات پیش نہ آئیں۔