عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//فروری کا مہینہ اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ملک کی الگ الگ ریاستوں سے سردی کی وداعی ہو رہی ہے۔ حالانکہ صبح و شام ہلکی سردی اور کہرے کا اثر دیکھا جا رہا ہے۔ اب موسم کا مزاج بدلنے کا امکان بھی پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک کی کچھ ریاستوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اگلے کچھ دنوں تک پورے شمالی ہند میں موسم میں بدلاو دیکھنے کو ملے گا۔ آئی ایم ڈی نے شمال-مغربی ہند کے کئی حصوں میں 25 سے 28 فروری کے درمیان شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایک فعال ویسٹرن ڈسٹربنس اس مدت کے دوران جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کو متاثر کرے گا۔ اس کے علاوہ شمالی ہند کے میدانی علاقوں میں بھی 26 سے 28 فروری کے درمیان ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش ہو سکتی ہے۔آئی ایم ڈی کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفر آباد میں 25 سے 28 فروری تک شدید بارش اور برفباری ہوگی وہیں ہماچل پردیش میں 26 سے 28 فروری اور اتراکھنڈ میں 27 اور 28 فروری کو بھاری برفباری کے آثار ہیں۔ میدانی علاقوں میں پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، مغربی اتر پردیش اور راجستھان میں 26 فروری سے یکم مارچ تک ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ علاقوں میں برفباری اور آندھی-طوفان کی بھی وارننگ جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے جانکاری دی ہے کہ بہار، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں دن کا درجہ حرارت 4-1 ڈگری سیلسیس تک گرا ہے۔