عظمیٰ ویب ڈیسک
راجوری/راجوری ضلع میں تھنہ منڈی-منجاکوٹ سڑک پر سورا پل کے قریب ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور ایک تین سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔
مہلوک کی شناخت گلزار حسین ولد کالو، ساکن پلنگھڑ کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی بچے کی شناخت محب ولد سکندر کے طور پر کی گئی ہے، جو شدید زخمی ہونے کے بعد زیر علاج ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں گلزار حسین موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گاڑی زیر نمبر JK11G 6280 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جاگری۔
مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو حادثے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی اس حادثے کی بنیادی وجہ بنی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سڑک کافی عرصے سے گڈھوں سے بھری ہوئی ہے اور حکام کی جانب سے بارہا مرمت کے وعدوں کے باوجود کوئی کام نہیں کیا گیا۔
علاقہ کے مکینوں نے مزید کہا کہ حادثے کے مقام پر حفاظتی بیریئرز نہ ہونے کی وجہ سے سڑک مزید خطرناک بنی ہوئی ہے، لیکن حکام اس مسئلے سے بخوبی آگاہ ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کر رہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔
راجوری میں سڑک حادثہ: ایک شخص جاں بحق، بچہ زخمی
