حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے نوجوانوں کے ایک وفد نے ایڈوکیٹ ذیشان سید، چیئرمین حق انصاف کونسل کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر پونچھ سے ملاقات کی اور ضلع سے متعلق مختلف اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔اس دوران بنیادی طور پر صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور محکمہ تعمیرات عامہ ،محکمہ جل شکتی، محکمہ پاور ڈیولپمنٹ ،محکمہ تعلیم، روزگار اور ہنر کی ترقی کا محکمہ، اور محکمہ سیاحت سمیت مختلف سرکاری محکموں سے متعلق خدشات کو دور کرنے کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وفد نے بہتر طبی سہولیات، ضروری ادویات کی دستیابی اور ضلعی ہسپتال اور دیگر صحت کی دیکھ بھال کے مراکز میں ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سڑکوں کی ابتر حالت، پانی کی بے قاعدگی، بجلی کی مسلسل بندش، سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار، نوجوانوں کے لئے روزگار کے مزید مواقع کی ضرورت اور اقتصادی ترقی کو بڑھانے کے لئے مقامی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے عوام کے لئے ہموار انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے مہا شیو راتری اور رمضان کے آنے والے تہواروں کے پیش نظر تیاریوں کا جائزہ لینے کی اہمیت پربھی مزید زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ نے اٹھائے گئے تمام مسائل کو بغور سے سنا اور وفد کو یقین دلایا کہ نوجوانوں کے حقیقی تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ متعلقہ محکموں کے ساتھ مربوط کوششوں کے ذریعے ان چیلنجوں کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ نوجوانوں کے وفد نے عام عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ کے فعال انداز کو بھی سراہا اور عوامی فلاح کے لئے ان کی مسلسل کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ڈیو لپمنٹ پونچھ اور تحصیلدار حویلی بھی موجود تھے۔ ایڈووکیٹ ذیشان سید کے ساتھ آنے والوں میں محمد معشوق، اخلاق محمود، استخارہ چوہدری، یاسر چستی، ظروف احمد اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے مثبت جواب دینے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور زیر بحث امور پر بروقت کارروائی کرنے پر زور دیا۔