عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع انتظامیہ کی ٹیم نے راجوری شہر کے مرکزی بازار اور پرانے بس اسٹینڈ کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور بھیڑ کو کم کرنے کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ مہاشیوراتی اور رمضان کے دوران شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما کی ہدایت پر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجیو کھجوریہ نے مختلف محکموں کے افسران کے ہمراہ شہر کے بازاروں اور پرانے بس اسٹینڈ کے علاقوں کا معائنہ کیا۔معائنے کے دوران افسران نے ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ کے مسائل کا جائزہ لیا اور عوامی سہولت کے لئے گاڑیوں کی روانی بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے۔انہوں نے مقامی دکانداروں اور بیوپاریوں سے بات کی، ان کی شکایات سنی اور مارکیٹ کے ضوابط کی پیروی کرنے کی درخواست کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر، متعلقہ محکموں نے اہم مارکیٹ علاقوں کی بھیڑ کم کرنے، پارکنگ کو منظم کرنے اور صفائی ستھرائی کے لئے اصلاحی اقدامات کئے۔ اس کے علاوہ، ٹریفک پولیس، میونسپل حکام اور دیگر فریقین کے درمیان مربوط کوششوں پر زور دیا گیا تاکہ شہریوں کو بلا رکاوٹ سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔