عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/راجوری کے نجی کلینک میں دانت کے درد کا علا ج کرنے کی گئی دوشیزہ ڈاکٹروں کی لاپرواہی کے نتیجے میں جاں بحق ہوئی ہے۔مقامی لوگوں نے سڑک پر دھرنا دیا جس وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل کافی دیر تک متاثرہوئی۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح راجوری کے دور افتادہ علاقے ملہوٹی درہال میں 15سالہ دوشیزہ نے دانت میں درج کی شکایت کی اور فوری طورپر اس کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اہل خانہ نے بتایا کہ سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ مجبورہوکر نجی کلینک پر گئے جہاں پر موجود ایک ڈاکٹرنے دوشیزہ کو انجکشن دیا جس کے بعد اس کی حالت متغیر ہوئی اوراسے فوری طورپر جی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا جہاں وہ چل بسی۔
دوشیزہ کی موت واقع ہونے کے ساتھ ہی اہل خانہ نے سڑک پر دھر نا دیا جس وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی۔مظاہرین کے مطابق دانت کا علاج کرنے آئی دوشیزہ کو جب انجکشن دیا گیا تو اس کی حالت بگڑ گئی اور دس منٹ کے اندر اندر اس کی موت واقع ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جی ایم سی راجوری کے عقب میں نجی کلینک کیسے چل رہا ہے یہ سمجھ سے بالا تر ہے۔
انہوں نے کہاکہ نجی کلینک میں تعینات ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔دریں اثنا پولیس ٹیم اور ضلعی انتظامیہ کے آفیسران نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کی جائے گی۔پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد دوشیزہ کی لاش کو لواحقین کے سپرد کیا گیا۔