عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکرنے پیر کے روز کہاکہ کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کے لئے جموں وکشمیر سرکار کو زمینی سطح پر اقدامات اٹھانے چاہئے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی سرکار اس ضمن میں عمر عبداللہ کی قیادت والی یوٹی حکومت کو بھر پور تعاون فراہم کرے گی۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری پنڈتوں کی باز آباد کاری اور ان کی گھر واپسی کی خاطر مرکزی حکومت کوشاں ہے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ جموں وکشمیر کی سرکار کو کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی پر سنجیدہ نوعیت کے اقدامات اٹھانے چاہئے اور یہ کہ مرکزی سرکار بھی یوٹی حکومت کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے وقت وقت پر سماج سے جڑے اہم مسائل پر کھل کر بات کی اور آج موٹاپے کے اہم مسئلے پر وزیر اعظم نے پینل بھی تشکیل دیا جس میں جموں وکشمیر کے وزیرا علیٰ عمرعبداللہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی نے لوگوں کو تمام تر سہولیات بہم رکھنے کی خاطر ہمیشہ کام کیا ۔
دہلی میں بی جے پی کی جیت پر انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ اب گھوٹالے کی سرکار سے لوگوں کو نجات ملی ہے ، ڈبل انجن سرکار عوامی مسائل کو حل کرنے کی خاطر اپنے آپ کو وقف رکھے گی۔
کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کے لئے عمر سرکار کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا: انوراگ ٹھاکر
