عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نےحکومت کے اُس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو درپیش مسائل کو کم کیا جائے گا اور ان کے ازالے کے لئے مؤثر طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا ’’متعلقہ حکام کو پہلے ہی ضروری ہدایات دی جا چکی ہیں تاکہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے۔ ہم ترقی اور دیگر روزمرہ کی زِندگی سے متعلق مسائل سے آگاہ ہیں ۔ ان مسائل کی نگرانی اور تیز رفتار حل کے لئے ایک مؤثر نظام عملایا جا رہا ہے‘‘۔نائب وزیر اعلیٰ نوشہرہ سندربنی اور ضلع راجوری کے دیگر علاقوں سے آئے ہوئے متعدد وفود سے بات چیت کر رہے تھے،جنہوں نے آج ان سے ملاقات کی اور اَپنے علاقوں اور خدمات سے متعلق کئی مسائل پیش کئے۔ بعد میں سابق قانون سازوں، سرپنچوں اور مختلف علاقوں سے آئے ہوئے اَفراد نے بھی نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری سے ملاقات کی اور اَپنے حلقوں اور علاقوں سے متعلق ترقیاتی اور دیگر مسائل کو اُجاگر کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفود کو یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو جلد از جلد ازالہ کیا جائے گا۔